مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا سے نقل کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے مطالبہ کیا ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان اپنی سربراہی میں سرکاری عمارتیں جلانے کی عدالتی تحقیقات کروائیں۔
اپنے کارکنان اور قوم سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میرا فلسفہ نہیں ہے جبکہ تاریخ گواہ ہے کہ نواز شریف نے عدلیہ پر ڈنڈوں سے حملہ کیا، ہم نے 27 سال کی سیاسی تاریخ میں کوئی انتشار کی بات کی اور نہ ہی کبھی اس پر عمل کیا اور میں نے ہمیشہ انتشار سے بچنے کی تاکید کی۔
انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ عدلیہ نے مجھے انصاف دیا، جمہوریت کے خلاف واردات کرنے والوں کو بھی عدلیہ نے ہی روک رکھا ہے، اب وقت ہے کہ قوم عدلیہ اور آئین کے ساتھ کھڑی ہوجائے۔
عمران خان نے کہا کہ آہستہ آہستہ چیزیں سامنے آرہی ہیں، مجھے ایسے گرفتار کیا گیا جیسے کوئی دہشت گرد ہوں، اسلام آباد جانے سے پہلے ہی مجھے گرفتاری کا علم ہوگیا تھا، میری گرفتاری کے بعد پولیس نے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا، بچوں اور خواتین کو مارا، ظل شاہ کو انہوں نے تشدد کر کے قتل کیا۔
آپ کا تبصرہ